ذی الحجہ: برکت کے دن، عبادت کی راتیں

اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمت و مشیت سے مخلوقات کے درمیان بعض کو بعض پرفضیلت و فوقیت عطا فرمائی ہے، مثلاًجمعہ کے دن کو ہفتے کے باقی دنوں پر،عرفہ کے دن کو سال کے دیگر ایام پر، لیلۃ القدر کودوسری تمام راتوں پر فضیلت دی ہے اور سال کے بارہ مہینوں میں رمضان کو افضل ترین مہینہ قراردیاہے۔ علماء کرام کااس بارے میں اختلاف ہے کہ ذوالحجہ کے ابتدائی دس دن افضل ہیں یارمضان شریف کے آخری دس دن؟کچھ علماء نے عشرہ ٔذی الحجہ کوافضل مانااورکچھ اہل علم نے رمضان شریف کے آخری عشرے کوافضل بتایا۔ حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے تحریرفرمایااوریہی مختار مذہب بھی ہے کہ عشرۂ ذی الحجہ کے دن رمضان کے آخری دنوں سے افضل ہیں ؛ کیوں کہ انہی دنوں میں یومِ عرفہ ہے اوررمضان کے آخری عشرے کی راتیں ذوالحجہ کے ابتدائی عشرے سے افضل ہیں ؛ کیوں کہ انہی راتوں میں شب قدرہے۔(حاشیہ مشکوٰۃ) ماہ ذی الحجہ کی خصوصیت: حضرت مولانا مفتی محمدتقی عثمانی صاحب مدظلہ فرماتے ہیں کہ’’ذی الحجہ کے مہینے کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے...